خانیوال: کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے
ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید اور متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ خانیوال کے مختلف ترقیاتی
منصوبوں، گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول برائے متاثرہ سماعت، ماڈل ریڑھی بازار اور
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی و عوامی فلاحی
اقدامات کا جائزہ لیا۔کمشنر نے گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول برائے متاثرہ سماعت میں
105.66 ملین روپے کی لاگت سے جاری اپ گریڈیشن، تزئین و آرائش کے منصوبے کا معائنہ کیا۔ انہیں بریفنگ میں بتایا
گیا کہ منصوبے کے لیے سو فیصد فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ 22 فیصد کام مکمل ہو
چکا ہے۔ اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے
وژن کے مطابق خصوصی بچوں کے تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے
کمشنر نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ انہیں اعوان چوک پر 7.2 بلین روپے کی لاگت سے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل روڈ کے منصوبہ پر کام کی رفتار چیک کی اور واسا، نیسپاک سمیت متعلقہ اداروں کو منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے سٹی پارک کا بھی دورہ کیا، اپ گریڈیشن پلان کا جائزہ لیا، ڈیوائیڈر پر پودا لگایا اور پی ایچ اے کے ورکرز سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت زیر زمین بارش کے پانی کے ذخیرے، نکاسی
آب، روڈ
انفراسٹرکچر کی بحالی اور شہری خوبصورتی کے متعدد منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں جبکہ
پارکوں کی حالت بہتر بنا کر شہریوں کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
کمشنر عامر کریم خاں نے وزیراعلیٰ
پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر باعزت کاروباری مواقع کی فراہمی کے لیے اعوان چوک میں
قائم ماڈل ریڑھی بازار کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے پھل و سبزی فروشوں سے ملاقات کی،
فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں استفسار کیا اور ریٹ لسٹیں نمایاں مقامات
پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے سبیل پر موجود شہریوں سے بھی ملاقات کی اور
شربت کی فراہمی کے اقدام کو سراہتے ہوئے عوامی سہولت کے انتظامات پر اطمینان کا
اظہار کیا۔
دورے کے آخری مرحلے میں کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال خانیوال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایمرجنسی وارڈ میں قائم سٹروک سنٹر، ڈائیلیسز سنٹر اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کے لیے طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا اور مریضوں سے علاج معالجہ اور ڈاکٹروں کے رویے کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ کمشنر نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عمارہ کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق بہترین سروس ڈیلیوری، ادویات کی بروقت فراہمی اور مریضوں کو معیاری طبی سہولیات ہر صورت یقینی
بنائی جائیں


No comments:
Post a Comment